دھونی کا سبکدوشی کا کوئی ارادہ نہیں

   

کرکٹ سے کنارے کشی کے سوال پر سابق کپتان کے برہم ہونے کا دوست کے ذریعہ انکشاف
نئی دہلی۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل کا 13 واں سیزن 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس کے بعد بھی آئی پی ایل کے انعقاد کا امکان نہ کے برابر ہی نظر آرہا ہے۔ ہر کسی کیلئے یہ آئی پی ایل کافی خاص بھی ہے کیوں کہ اسی سے ہندوستانی وکٹ کیپر ایم ایس دھونی ایک طویل عرصے کے بعد میدان میں واپسی کرنے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد سے دھونی کرکٹ کے میدان سے دور ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دھونی چینائی سوپر کنگس کی طرف سے کھیلیں گے اور رواں سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں وہ ہندوستان کی طرف سے میدان میں اتریں گے مگرکورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل کا انعقاد مشکل ہی لگ رہا ہے۔اس کے بعد ایم ایس دھونی کے مستقبل پرکئی سوال اٹھ رہے ہیں۔ اگر یہ آئی پی ایل سیزن منسوخ ہوجاتا ہے تو پھران کی واپسی بھی مشکل ہوسکتی ہے۔ یہاں تک کہ ہندوستانی کوچ روی شاستری نے بھی کچھ مہینے پہلے ہی کہا تھا کہ دھونی کی واپسی آئی پی ایل پر انحصار کرتی ہے لیکن ان کے رانچی کے قریبی دوست کو لگتا ہے کہ دھونی ابھی سبکدوشی کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیںاور وہ اب بھی ہندوستان کے لئے کھیلنا چاہتے ہیں۔ دھونی کے قریبی دوست نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر دھونی ابھی بھی ہندوستان کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب بھی کوئی دھونی سے ان کی سبکدوشی کے بارے میں پوچھتا ہے تو وہ برہم ہوجاتے ہیں۔