دھونی کیلئے رہانے اور راچن اصل ہتھیار ثابت ہوں گے ؟

   

چینئی ۔ گزشتہ 17 سال سے ایم ایس دھونی نے بطورکپتان ٹیم انڈیا سے لے کر آئی پی ایل تک مختلف مشکل حالات کا سامنا کیا ہے۔ زیادہ تر مواقع پر ان مشکلات سے کامیابی سے نمٹا گیا ہے، بعض مواقع پر ناکامی بھی ہوئی ہے۔ اس کے باوجود وہ اکثر ایسے حالات کو مواقع میں تبدیل کرنے کا کافی تجربہ رکھتے ہیں۔دریں اثناء جب وہ آئی پی ایل 2024 کے پہلے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف اپنی ٹیم کو میدان میں اتاریں گے تو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ پلیئنگ الیون کے نئے چیلنج سے کیسے نمٹتے ہیں۔ جمعہ 22 مارچ کو آئی پی ایل 2024 کے پہلے میچ میں چنئیپانچویں بار چمپئن کے طور پر میدان میں اترے گی۔ گزشتہ سیزن میں دھونی نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنارکیا تھا لیکن اس کامیابی کے دو اہم کردار اس سیزن کے آغاز میں دستیاب نہیں ہیں۔ ٹیم کے اوپنر ڈیون کونوے اور نوجوان فاسٹ بولرمتیشا پتیرانہ زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنمنٹ کے کم از کم پہلے 3-4 میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ لہذا ان حالات میں دھونی کن 10 کھلاڑیوں پر بھروسہ کریں گے یہ اہم سوال بن گیا ہے؟۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر کونوے نے گزشتہ سیزن میں تقریباً 600 رنز بنائے تھے اور وہ سی ایس کے کے سب سے کامیاب بیٹر بنے تھے۔ انہوں نے روتوراج گایکواڈ کے ساتھ عمدہ اوپننگ پارٹنرشپ کی۔ اب ان کی تلافی کرنا آسان نہیں ہوگا تاہم چنئی کے پاس اس کے لیے دو اختیارات ہیں ۔ اجنکیا رہانے اور نئے بھرتی ہونے والے رچن رویندرا، جو خود نیوزی لینڈ سے ہیں۔ تجربہ کار ہندوستانی بیٹر رہانے کو آئی پی ایل میں اوپننگ کا تجربہ ہے لیکن وہ گزشتہ چند مہینوں میں اچھی فارم میں نہیں ہیں۔ اس کے باوجود پچھلے سیزن میں بھی ایسا ہی ہوا تھا اور پھر جیسے ہی وہ دھونی کی کپتانی میں آئے، انہوں نے کمال کردیا۔ اگر رہانے کو تیسرے نمبر پر رکھنا ہے تو راچن کونوے کے خلا کو پرکر سکتے ہیں۔ وہ بائیں ہاتھ کے بیٹر بھی ہیں اور پچھلے کچھ مہینوں سے اچھی فارم میں ہیں۔ ایسی صورتحال میں وہ جارحانہ موقف اختیار کرکے ٹیم کو تیز شروعات دے سکتے ہیں۔ اگر ضرورت ہو تو وہ بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ بھی کر سکتے ہیں۔ جہاں تک فاسٹ بولر پتیرنا کی جگہ بھرنے کا تعلق ہے، یہ زیادہ مشکل لگتا ہے۔ پتیرانہ اپنی تیز رفتاری کے ساتھ ملنگا قسم کے ایکشن کی وجہ سے آخری اوورز میں خاص طور پرکارآمد تھے۔ اس محاذ پر دھونی کو متبادل تلاش کرنا سب سے بڑا چیلنج ہو سکتا ہے۔ امکان ہے کہ بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو یہ ذمہ داری مل سکتی ہے، وہ کٹرکے اچھے استعمال اور رفتار میں تبدیلی کے لیے مشہور ہیں۔ مہیش ٹیکشنا کے درست اسپن کو استعمال کرنے کا راستہ بھی ہے۔ ان کے علاوہ زیادہ تر نام وہی رہیں گے جو پچھلے سیزن میں تھے۔ سی ایس کے کا ممکنہ طور پر 11 کھلاڑی یہ ہوسکتے ہیں : ایم ایس دھونی (کپتان وکٹ کیپر)، رتوراج گائیکواڑ، راچن رویندرا، اجنکیا رہانے، شیوم دوبے، معین علی، رویندرا جڈیجہ ، مہیش ٹیکشنا، دیپک چاہر، مکیش چودھری اور مستفیض الرحمان۔