دھوکہ دہی ، والدہ ، دوبھائیوں اور بہن کو تین سال قید کی سزا

   

حیدرآباد ۔ 23جولائی ( سیاست نیوز) دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ایک معاملہ میں خاتون کی شکایت پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شکایت گذار خاتون کے دو بھائیوں ، بہن اور والدہ کو تین سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ سال 2015 ،11مارچ کو 40سالہ ارونا جوئی نامی خاتون نے نریڈمیڈ پولیس میں شکایت کی تھی ۔ اس خاتون کے نام ایک پلاٹ ہے جس کو 1986 میں ان کے والد نے خرید کر اس کے نام کردیا تھا ۔ رینو بھانگر میں واقع 160 گز پر مشتمل اس پلاٹ پر چار ملگیات پائی جاتی ہے ۔ والد کی موت کے بعد ارونا کی شادی ہوگئی اور وہ اپنے سسرال چلی گئی لیکن اس پلاٹ کے تمام اصل دستاویزات مائیکے میں تھے جس کا فائدہ اٹھاکر اس کے بھائی نے جعلی دستخط کرتے ہوئے بڑے بھائی کو گفٹ کرنے کے مماثل دستاویزات تیار کرلئے اور گواہ کے طور پر والدہ اور بہن کو شامل کرلیا ۔ خاتون کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے آج عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ۔ عدالت نے 38سالہ سریش یادو ، 32سالہ ناگا سائی یادو ، 70سالہ کلاوتی اور 33سالہ سری دیوی کو سزا سنائی ہے ۔ عدالت نے سریش یادو اور سری دیوی کو تین سال ، ناگا سائی یادو اور کلاوتی کو ایک سال کی سزا سنائی ہے ۔