دہشت گردی سازش کیس:ایک پاکستانی کے بشمول تین ملزمین کیخلاف چارج شیٹ داخل

   

سرینگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں اسلحہ اور گولہ بارود کی ضبطی سے متعلق دہشت گردی سازش کیس میں ایک پاکستانی ہینڈلر سمیت تین ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے ۔ملزمان کی شناخت عبدالعزیز، منور حسین اور نذیر حسین عرف نذیر احمد، عرف علی خان، عرف نذیر، عرف علی، اور عرف شاہین کے طور پر ہوئی ہے ۔این آئی اے کے ترجمان کے مطابق نذیر حسین اس وقت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر (پی او کے ) میں سرگرم ہے اور کالعدم جموں و کشمیر غزنوی فورس (جے کے جی ایف) کا سرگرم رکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقات کے دوران منکشف ہوا ہے کہ وہ مختلف ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں اور ان کے معاونین کے ساتھ مل کر کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کی سازش کا حصہ تھا۔این آئی اے کے مطابق نذیر حسین مبینہ طور پر مقامی نوجوانوں کو تشدد پر اکسانے کیلئے اشتعال انگیز آڈیو کلپس اور ویڈیو پیغامات شیئر کرتا تھا، انہیں ’جہاد‘ پر اُکساتا اور ہندوستان کیخلاف جنگ چھیڑنے کی ترغیب دیتا تھا۔