سری نگر: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس کی جنگ کو تقریباً منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قائم امن کو مستقل خصوصیت بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کو یہاں زیون علاقے میں واقع آرمڈ پولیس کمپلیکس میں پولیس یادگاری دن کے موقع کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ جموں و کشمیر گذشتہ زائد از تین دہائیوں سے دہشت گردی سے متاثر ہے اور اس سرزمین سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جنگ لگ بھگ منطقی انجام تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں قائم امن کو ایک مستقل خصوصیت بنانے کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ گرچہ سرحد پار سے امن کو خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن پولیس ان تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے سخت محنت کر رہی ہے ۔