دہلی ،ہریانہ اور لداخ میں زلزلے کے جھٹکے،کوئی جانی و مالی نقصان نہیں

   

نئی دہلی : نئے سال کے استقبال میں خوشیاں منا رہے دہلی اور آس پاس کے لوگوں کی خوشیاں اس وقت خوف میں بدل گئیں جب رات کو زلزلے کے باعث زمین تھرا اْٹھی۔ اتوار کو رات دیر گئے دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سنٹر فار سسمالوجی نے زلزلے سے کسی جان و مال کے نقصان کی جانکاری نہیں دی ہے۔ زلزلے کی شدت 3.8 درج کی گئی ہے۔ ہریانہ میں رات 1 بجکر19منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جھججر کا بیری زلزلے کا مرکز رہا اور اس کی شدت 3.8 رہی۔ ہریانہ میں زمین سے محض 5 کلومیٹر نیچے ہلچل درج کی گئی، جس کی وجہ سے کافی لوگوں کو یہ زلزلہ بھی محسوس ہوا۔ روہتک۔جھججر سے گزر رہی مہندر گڑھ ۔دہرادون فالٹ لائن کے نزدیک اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ دہرادون سے مہندر گڑھ تک زمین کے نیچے ایک فالٹ لائن ہے۔ اس میں بے شمار دراڑیں ہیں۔ ان دنوں ان دراڑوں میں ہلچل جاری ہے۔ اس کی وجہ سے پلیٹ موومنٹ کرتی ہے۔ اس کے آپس میں ہلکی سی رگڑ کھانے یا ٹکرانے پر ہی کپکپاہٹ پیدا ہوتی ہے۔ یہ کبھی بھی کہیں بھی ہوسکتا ہے۔ اسی وجہ سے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہیں۔ دہلی اور ہریانہ کے بعد اتوار کی رات 6:30 بجے لداخ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔