دہلی اب رہنے کے قابل نہ رہی:سپریم کورٹ

   

نئی دہلی، 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت دہلی میں آلودگی اور ٹریفک جام کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ایک سینئر جج کا درد جمعہ کو عدالت کے کمرے میں سامنے آیا اور انہوں نے بوجھل دل سے کہا کہ دہلی اب رہنے کے قابل نہیں رہی۔جج ارون کمار مشرا نے دارالحکومت میں آلودگی سے متعلق ایک عرضی پر سماعت کے دوران یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ‘‘شروع میں دہلی مجھے اپنی جانب متوجہ کرتی تھی، لیکن اب نہیں ۔ دہلی اب رہنے کے قابل نہیں رہ گئی۔ یہاں آلودگی اور ٹریفک جام بڑے مسائل ہیں۔ جام کی حالت تو یہ ہے کہ آج میں اس کی وجہ سے ججوں کے حلف برداری کی تقریب میں شامل ہونے سے بھی محروم رہ جاتا’’۔واضح رہے کہ جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ کو آج سپریم کورٹ کے جج کے طور پر حلف لینا تھا لیکن ٹریفک جام کے سبب جسٹس مشرا کو اس پروگرام میں شامل ہونے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ایک وقت تو انہیں ایسا لگا تھا کہ وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کر پائیں گے ، لیکن کسی طرح سے وہ وہاں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر ایک میں منعقد ہوئی تھی۔