دہلی اسمبلی انتخابات : مسلم علاقوں میں زبردست پولنگ

,

   

۔ 62.59 فیصد ووٹنگ ،الیکشن کمیشن نے رائے دہی کا فیصد جاری کرنے میں تاخیرکی :کجریوال

نئی دہلی ۔ /9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہی ہفتہ کی شام 6.00 بجے ختم ہوگئی ۔ تقریباً 24 گھنٹے بعد الیکشن کمیشن نے 1.47 کروڑ اہل رائے دہندوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹ کا فیصد جاری کرنے میں تاخیر کی جو شدید جھٹکا ہے ۔ آخر الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے ؟ یہ لوگ انتخابی فیصد کے اعداد و شمار جاری کیوں نہیں کررہے ہیں ؟ اروند کجریوال نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن تاخیر کا حربہ اختیار کررہا ہے ۔ ان کی پارٹی نے الزام عائد کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے رائے دہی کے فیصد میں الٹ پھیر کیا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے تاخیر سے رائے دہی کا فیصد جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں جملہ 62.59 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ الیکشن کمیشن نے اس تاخیر پر چیف منسٹر اروند کجریوال اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے الزامات کو یکسر مسترد کردیا ۔ چیف الیکشن آفیسر رنبیر سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہفتہ کے دن 57.6 فیصد ووٹ ڈالے جانے کی بات بتائی تھی لیکن اس کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ پولنگ بوتھس پر ووٹ ڈالنے کیلئے لوگ قطار میں کھڑے ہوئے ہیں ۔ آخری اعداد و شمار میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ای وی ایم میں گڑبڑ کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ بجواسن میں کچھ مشکلات پیش آئیں لیکن فوری ای وی ایم کو ٹھیک کرلیا گیا ۔ بابر پور میں ای وی ایم کے سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ دو مقامات پر ہمارے عہدیدار تھے اور مشین کو گاڑی میں رکھنے کیلئے اسٹرانگ روم لے جارہے تھے ۔ لیکن اس مشین میں ووٹنگ نہیں ہوئی ۔ اس لئے ہمارے آفیسر کو کچھ لوگوں کو گھیر لیا تھا ۔ ہمارے آفیسر نے صحیح جواب دینے کی کوشش کی لیکن کسی نے اس پر اعتماد نہیں کیا ۔ سب سے زیادہ ووٹنگ بلی ماران میں 71.6 فیصد اور سب سے کم دہلی کینٹ میں 45.4 فیصد ہوئی ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں مسلم علاقوں میں زبردست رائے دہی ہوئی ۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری احتجاجی مقام شاہین باغ سے متصل اوکھلا علاقہ میں 58.84 فیصد ، سائم پور میں 71.22 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے ۔ مسلم اقلیتی علاقوں میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ 62.62 فیصد مرد اور 62.55 فیصد خواتین رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ دہلی کی تقریباً آبادی دو کروڑ ہے ان میں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 47 لاکھ 86 ہزار 382 ووٹر ہیں ۔