دہلی اور این سی آر میں سردی کا قہرجاری

   

نئی دہلی: نئے سال کے آغاز سے ہی قومی دارالحکومت اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے ۔دہلی کے علاوہ پڑوسی ریاستوں پنجاب، شمالی راجستھان، ہریانہ سے لے کر اتراکھنڈ، بہار اور مغربی بنگال کے ہمالیائی علاقے گھنی دھند کی چادر میں لپٹے ہوئے ہیں۔ ملک کا تقریباً آدھا حصہ سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہے ۔دھند کی وجہ سے دہلی سے 26 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ گھنی دھند کے درمیان حد بصارت میں کمی کی وجہ سے کئی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت میں آنے والے کچھ دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق 8 جنوری تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہے گا۔ دارالحکومت میں کل بھی گھنی دھند کی وجہ سے تقریباً 26 ٹرینیں اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئیں۔