نئی دہلی:بی جے پی دہلی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے سنجیوانی اور مہیلا سمان یوجنا کو لے کر دہلی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ دہلی حکومت اس طرح کا کام کر رہی ہے ۔ دہلی حکومت ڈیجیٹل فراڈ کرنے والے کی طرح لوگوں کا ذاتی ڈیٹا لے رہے ہیں، جس کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ سچدیوا نے چہارشنبہ کو کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ دہلی حکومت بالکل وہی کر رہی ہے جو ڈیجیٹل فراڈ کرنے والے کرتے ہیں، لوگوں کا ذاتی ڈیٹا لے رہے ہیں، جس کا غلط استعمال ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بغیر اطلاع کے اسکیم لا کر عوام بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور حکمران جماعت 10 سال کے اقتدار کے بعد جھوٹی اسکیمیں لے کر دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ ہونے سے بچانے کے لیے حکام کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا اور عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ‘پبلک وارننگ’ جاری کرنا ہوگی۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ آتشی مارلینا کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ ایک آئینی عہدہ پر فائز ہیں، لہٰذا واضح کریں کہ کیا دہلی حکومت کی طرف سے منظور شدہ کوئی قانونی ‘مہیلا سمان’ یا ‘سنجیوانی’ اسکیم ہے ؟