دہلی سے واپس ورنگل کے 19 کھمم کے 10 افراد میں کورونا کے منفی علامات

   

پولیس کمشنر کھمم توصیف اقبال سے نمائندہ سیاست کی خصوصی بات چیت
حیدرآباد /2 اپریل ( سیاست نیوز ) دنیا بھر میں کورونا وائرس مرض کا قہر ہنوز جاری ہے ۔ جس کے باعث ہزاروں افراد مسلسل متاثر ہو رہے ہیں اور لاک ڈاؤن کے باعث عوام کافی پریشان حال ہیں اور ان کی عام زندگی متاثر ہوگئی ہے اور عوام کھانے کھانے کے محتاج ہوگئی ہے اور ایک مقام سے دوسرے مقام کو جانے میں کافی دشواری پیش آرہی ہے ۔ حضرت نظام الدین اولیاء درگاہ تبلیغی مرکز سے واپس ہونے والے افراد جن کا تعلق ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش سے بتایا گیا ہے ان کو بغرض معائنہ کورنٹائن وارڈس میں رکھا گیا ہے ۔ ان میں ورنگل سے 19 اور ضلع کھمم سے 10 مصلیوں میں منفی علامات پائے جانے کے باعث ضلعی انتظامیہ نے راحت کی سانس لی ۔ اس سلسلے میں پولیس کمشنر کھمم توصیف اقبال ، IPS نے نمائندہ سیاست شاہنواز بیگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کو چھپانا ایک گناہ ہے اس کے بارے میں حکومت سے پوشیدہ رکھنا سرکاری جرم کے مترادف ہے ۔ جناب توصیف اقبال نے سارے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ تبلیغی مرکز سے جو کوئی بھی واپس ہوئے ہیں وہ اپنے آبائی مقامات پر فوری علاج کیلئے رجوع ہوں تاکہ وہ ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت پیش کرسکیں ۔ بیمار ہونا کوئی گناہ نہیں بلکہ بیماری کو چھپانا ایک بدترین گناہ کے مترادف ہے ۔ اللہ تعالی بھی ان چیزوں سے کافی ناراض ہوتے ہیں جو کوئی بھی اس مہلک مرض میں مبتلا ہیں وہ فوری طور پر علاج کروائیں تاکہ آپ پرسکون زندگی گذارسکے اور اپنے افراد خاندان کو بھی اس بیماری سے محفوظ رکھ سکیں۔ ورنگل میں بھی ابھی تک کوئی بھی کورونا وائرس مرض کا کیس درج نہیں کیا گیا ہے ۔ تبلیغی مرکز سے واپس ہونے والے 19 افراد میں علامات منفی پائی گئیں ۔