دہلی شراب اسکام :کجریوال کا آج بڑا انکشاف

   

اہلیہ سنیتاکجریوال کا پریس کانفرنس میں اعلان
نئی دہلی : دہلی کے وزیر اعلیٰ اروندکجریوال کی گرفتاری کے خلاف دہلی کی اسمبلی سے لے کر سڑکوں تک پر جاری احتجاج کے دوران اہلیہ سنیتا کیجریوال نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہلی شراب اسکام پر اروند کیجریوال 28 مارچ کو بڑا انکشاف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کجریوال کو آپ سب کی فکر ہے۔ وہ شراب گھوٹالے پر 28 مارچ کو بڑاانکشاف کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اروند جی نے مجھے ایک اور بات بتائی، اس مبینہ شراب گھوٹالے میں دو سال میں کئی جگہوں پر چھاپے مارے گئے لیکن ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے سسودیا جی ، سنجے جی کے یہاں چھاپہ مارا۔ ہمارے یہاں بھی چھاپہ مارا لیکن انہیں ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔سنیتا کیجریوال کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرا جسم جیل میں ہے لیکن میری روح آپ لوگوں کے ساتھ ہے۔ آپ لوگ آنکھیں بند کر کے محسوس کریں۔ واضح رہے کہ جب سے اروند کیجریوال ای ڈی کی حراست میں گئے ہیں ان کی اہلیہ ہر روز شام کو ان سے مل رہی ہیں۔ منگل کی شام کو بھی انہوں نے کیجریوال سے ملاقات کی تھی۔ پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے کیجریوال کے وکلاء کے علاوہ ان کی اہلیہ سنیتا اور کجریوال کے پرسنل اسسٹنٹ بیبھو کمار کو ہر روز شام 6 سے 7 بجے کے درمیان آدھے گھنٹے تک ان سے ملاقات کی اجازت دی ہے۔اس سے قبل اروند کجریوال نے اپنی اہلیہ سنیتا کے ذریعے جیل سے عوام تک اپنا پیغام پہنچایا تھا۔ اس پیغام میں انہوں نے جلد جیل سے باہر آنے کا یقین ظاہر کیا تھا۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں سے بھی کہا تھا کہ وہ دہلی حکومت کی اسکیموں کو جاری رکھیں۔