دہلی فسادات: آتشزنی کے دو ملزمان بری

   

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران آتش زنی کے ملزمان کو راحت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف ضروری ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔ اس لیے ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کیا جاتا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج پلستیا پرماچل نے راج کمار عرف گولی اور راج کمار عرف راجو کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ ملزمان پر الزام تھا کہ وہ اس فسادی ہجوم کا حصہ تھے جس نے 25 فروری 2020 کو مہالکشمی انکلیو، کراول نگر میں ایک پراپرٹی میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے جمعرات کو دیے گئے حکم میں کہا کہ دونوں ملزمان کے خلاف ریکارڈ پر موجود ثبوت ٹھوس نہیں ہیں۔ استغاثہ ابھی تک شواہد کی بنیاد پر اس کیس میں اپنے الزامات کو ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ تین گواہوں کی گواہی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فسادی ہجوم کے دو گروپ موقع پر موجود تھے۔ جج نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث مخصوص ہجوم کے بارے میں کوئی بات یقینی نہیں ہے۔