دہلی میں تمام عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی

   

نئی دہلی :ملک کی 75 ویں یوم آزادی سے قبل دہلی میں ماسک کے استعمال کو لازمی کردیا گیا ہے۔ کیونکہ قومی دارالحکومت دہلی میں کووڈ۔19 کی وجہ سے ہونے والی اموات میں تقریبا 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔ عام آدمی پارٹی حکومت نے اب تمام عوامی مقامات پر ماسک کو لازمی قرار دینے کا حکم جاری کیا ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ ماسک کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔تاہم دہلی حکومت نے کہا کہ اس حکم نامہ کے تحت جرمانہ ان لوگوں پر لاگو نہیں ہوگا جو پرائیویٹ چار پہیہ گاڑیوں میں ایک ساتھ سفر کرتے ہیں۔ دہلی میں کووڈ سے ہونے والی اموات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں اب تک صرف اگست کے مہینے میں 40 اموات کی اطلاع ملی ہے جو کہ جولائی کے آخری 10 دنوں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا اضافہ ہے۔