نئی دہلی، 17 اکتوبر (یو این آئی) ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر بھوپیندر یادو نے دہلی ۔ این سی آر میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کفایتی اور موثر تکنیکی حل تیار کرنے پر اسٹارٹ اپس اور انوویشن کمپنیوں کے ساتھ مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے ۔مسٹر یادو نے ‘سوچھ ہوا میں حصے داری، ہم سبھی کی ہے ذمہ داری’ مہم کے تحت اس بات چیت میں فضائی آلودگی کے نظم و نسق سے جڑے نو اہم شعبوں کے مسائل سامنے رکھے اور صنعت کاروں و انوویٹرز سے ان کے عملی حل تلاش کرنے پر غور و خوض کیا۔ ماحولیات کے وزیرِ مملکت کیرتی وردھن سنگھ اور دہلی حکومت میں ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات کے وزیر سردار منجندر سنگھ سرسا بھی موجود تھے ۔بات چیت میں صنعتوں سے گیسوں کے اخراج کی نگرانی، آلودگی پر قابو کے آلات کی جانچ، صنعتی اخراج میں گڑبڑ کی نشاندہی کیلئے تدابیر پر غور کیا گیا۔