دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر پر 135 ویں یوم تاسیس تقریب

,

   

سونیا گاندھی کے ہاتھوں پارٹی پرچم لہرایا گیا ، منموہن سنگھ اور دیگر سینئر قائدین کی شرکت

نئی دہلی۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی قدیم ترین سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے ہفتہ کو اپنے 135 ویں سالانہ یوم تاسیس کے موقع پر کہا کہ ہر دور میں ہندوستان ہی اس (کانگریس) کے لئے مقدم اور اولین مقام کا حامل رہا ہے نیز ملک و قوم کے لئے قربانی اس پارٹی کیلئے سب سے بڑھ کر اور بالاتر ہے۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے اپنی پارٹی کے 135 ویں سالانہ یوم تاسیس کے موقع پر نئی دہلی کی 24 اکبر روڈ پر واقع پارٹی ہیڈکوارٹرس پر کانگریس پرچم لہراتے ہوئے تقاریب کا افتتاح کیا۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ ملک و قوم کے لئے قربانی ہی کانگریس کیلئے اس کی تاسیس کے بعد ہمیشہ ہی سب سے مقدم ، برتر و بالاتر رہی ہے۔ تحریک آزادی، اس کے بعد اور آنے والے دنوں میں کانگریس کیلئے ہندوستان ہمیشہ ہی سب سے پہلے اور مقدم ترین رہے گا۔ کانگریس نے مزید کہا کہ ’’اتحاد کے 135 سال انصاف کے 135 سال، مساوات کے 135 سال، آہمسا (عدم تشدد) کے 135 سال، آزادی کے 135 سال اور آج ہم منارہے ہیں۔ انڈین نیشنل کانگریس کی تاسیس کا 135 واں سال اکبر روڈ پر منعقدہ تقریب میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، سینئر کانگریس قائدین اے کے انٹونی، موتی لال ووہرہ، آنند شرما اور دوسروں نے شرکت کی۔ سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ نے وہاں اس موقع پر موجود بچوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لاکھوں کانگریسی کارکنوں کے بے لوث اور مخلصانہ تعاون و خدمات کا اعتراف کیا۔ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان کانگریس نے آج ملک کے مختلف شہروں میں مارچ منظم کرتے ہوئے عوام کو ’’ملک بچاؤ، دستور بچاؤ‘‘ کا پیغام دیا۔