نئی دہلی، 10 فروری (یو این آئی) قومی دارالحکومت دہلی میں منگل کو ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 267 کے ساتھ ‘خراب’ زمرے میں پہنچ گیا۔آج صبح دارالحکومت کے کئی حصوں میں دھند کی ایک پرت نظر آئی، جبکہ آنند وہار، بوانا اور نریلا جیسے علاقوں میں اے کیو آئی ’انتہائی خراب‘ بتائی گئی، جس سے صحت کے نئے خدشات پیدا ہوگئے ۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق، آج صبح اے کیو آئی پیر کی 206 سے کافی زیادہ تھی۔ صبح تقریباً 7 بجے ، دہلی کا اوسط اے کیو آئی 267 تھا۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں، آنند وہار میں اے کیو آئی 317 جب کہ بوانا میں 333 ریکارڈ کیا گیا اور یہ دارالحکومت کے سب سے زیادہ فضائی آلودگی والے علاقے ہیں۔نوئیڈا، گروگرام اور آس پاس کے علاقوں میں بھی موسم کے مزاج میں نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ فروری کے شروع میں بھی غیر موسمی گرمی محسوس کی جا رہی ہے ۔ پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔
سی پی سی بی کے عہدیداروں نے بڑے پیمانے پر خراب ہوتی ہوئی آلودگی کی وجہ خطے میں ہوا کی کمزور رفتار کو قرار دیا ہے ۔ محکمہ کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے ۔ دھند کا امکان ہے ۔ یہاں 11 سے 15 فروری تک یہاں کے موسمی حالات میں بڑی حد تک کوئی تبدیلی نہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ اس دوران جزوی طور پر ابر آلود آسمان اور بعض اوقات صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی۔