نئی دہلی: پڑوسی ملک نیپال کے علاوہ قومی دارالحکومت دہلی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال میں 6.3 شدت کے زلزلے کے بعد منگل کی رات 2 بجے کے قریب دہلی میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دہلی میں زلزلہ کی شدت 5۔7 بتائی گئی ہے قریب 10 سیکنڈ تک جاری رہنے والے شدید زلزلے کے جھٹکے دہلی کے علاوہ نوئیڈا اور گروگرام میں بھی محسوس کیے گئے۔نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔ تاہم جانی نقصان کا فوری پتہ نہیں چل سکا۔
اتراکھنڈ میں بھی زلزلہ، کوئی جانی نقصان نہیں
نینی تال: اتراکھنڈ میں منگل کی دیر رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ری ایکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.3 تھی۔ اس سے اتراکھنڈ کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کُماؤن میں فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے ٹھیک 1:57 بجے پر محسوس کیے گئے ۔ لوگ اس وقت گہری نیند میں سوئے ہوئے تھے ۔ اچانک زمین میں ایک زوردار ہلچل مچ گئی۔ زمین چند سکنڈ کے لیے ہل گئی۔ لوگ کھلی جگہوں کی طرف بھاگے ۔ زلزلے کا مرکز ہند۔نیپال سرحد پر بتایا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی اس کی گہرائی سطح زمین سے دس کلومیٹر نیچے رہی۔زلزلے کا مرکز نیپال کی سرحد پر ہونے کی وجہ سے اس کے اثرات چین، نیپال اور ہندوستان میں محسوس کئے گئے ۔ فی الحال اتراکھنڈ کی نیپال سرحد سے متصل پتھورا گڑھ، چمپاوت، باگیشور اضلاع میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ان اضلاع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹرز فعال ہو گئے ہیں۔