نئی دہلی : دہلی کے گریٹر کیلاش-II علاقے میں اتوار کی صبح ایک کیئر ہوم (اولڈ ایج کیئر)میں آگ لگنے سے کم از کم دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ چھ دیگر لوگوں کو بچا لیا گیا۔ دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) نے آج صبح یہ اطلاع دی۔ڈی ایف ایس کے مطابق، کیئر ہوم میں آتشزدگی سے کنچن اروڑہ (86) اور کمل (92) مردہ پائے گئے ، جب کہ اوتار کور (86)، شریفہ (59)، الیزابتھ (69)، نین ساہا (89) اور دو نامعلوم خواتین کو جائے وقوعہ سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ڈی ایف ایس نے بتایا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کو سویرے آگ لگنے کی کال موصول ہوئی، جس کے بعد آگ پر قابو پانے کے لیے 4 فائر گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا۔ کیئر ہوم کی دوسری اور تیسری منزل پر آگ لگی تھی۔ ڈی ایف ایس نے مزید بتایا کہ دونوں لاشیں دوسری منزل سے ملی ہیں۔