نئی دہلی : دیسی ہوابازی کی صنعت میں مسلسل بہتری کے ساتھ اگست 2022 میں تقریباً 1.02 کروڑ مسافروں نے سفر کیا، جس میں سال بہ سال 52 فیصد اضافہ ہوا۔ریٹنگ ایجنسی آئی سی آر اے نے جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا کہ زیر جائزہ ماہ میں گھریلو روٹ پر سفر کرنے والوں کی تعداد جولائی 2022 کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے ۔ اس ماہ 97 لاکھ لوگوں نے ہوائی جہاز سے سفر کیا۔ایجنسی کے نائب صدر اور شعبے کے سربراہ سپریو بنرجی کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اعداد و شمار میں مسلسل بہتری کے باوجود یہ تعداد اگست 2019 میں وبائی امراض سے پہلے کی سطح سے 14 فیصد کم ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل سے اگست کے عرصے میں یعنی رواں مالی سال کے پانچ مہینوں میں تقریباً 5.24 کروڑ لوگوں نے سفر کیا جو کہ سالانہ بنیادوں پر 131 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے لیکن اپریل۔ اگست، 2019 کی مدت کے مقابلے میں یہ تعداد 11 فیصد کم ہے ۔