عہدیداروں کو خود کو تیار رکھنے کا مشورہ ، سڑکوں اور فٹ پاتھس پر ناجائز قبضہ جات کو برخاست کرنے کی مہم
حیدرآباد۔31۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست میں تہواروں کے موسم کے اختتام کے بعد ’حیڈرا‘ کی کاروائیوں کو دوبارہ شروع کیا جائے گا اور ان کاروائیوں میں ’حیڈرا‘ کا نشانہ فٹ پاتھ پر کئے جانے والے قبضہ جات ہوں گے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے ادارہ کی کاروائیوں جو کہ دسہرہ کے قبل سے رکی ہوئی ہیں ان کاروائیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ اعلیٰ عہدیدارو ں نے اس سلسلہ میں شعبہ کے ذمہ داروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دیوالی کے تہوار کے اختتام کے بعد دوبارہ کاروائیوں کے آغاز کے لئے خود کو تیار رکھیں اور جن تالابوں میں یا تالابوں کے بفر زون میں کی گئی تعمیرات کو منہدم کیا جاچکا ہے ان کے ملبہ کی صفائی کے ذریعہ بفر زون اور تالابوں کے احیاء کے اقدامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے حدود میں موجود اہم سڑکوں کے کناروں پر فٹ پاتھس پر کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کروانے کی مہم کی منصوبہ بندی کی جائے ۔ ’حیڈرا‘ کے عہدیدارو ںنے تالابوں اور نالوں پر کی گئی تعمیرات کومنہدم کرتے ہوئے جس رفتار کے ساتھ موضوع بحث بنے تھے اسی تیزی کے ساتھ ’حیڈرا‘ کی کاروائیوں کو محدود کرتے ہوئے حکومت نے اس پر لگام لگائی ہے لیکن اب کہا جا رہاہے کہ ’حیدرا‘ کے عہدیداروں نے ریاست میں تہواروں کے پیش نظر اپنی کاروائیوںکو موقوف کیا تھا لیکن اب جبکہ دیوالی کا تہوار ختم ہونے جا رہاہے تو دوبارہ ’حیڈرا‘ کی کاروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گنیش چتورتھی سے ’حیڈرا‘ نے کاروائیوں کو روک دیا تھا اور بعض معاملات میں عدالتی احکامات کے پیش نظر اس ادارہ کی کاروائیوں پر روک لگائی گئی تھی جس کے بعد ’حیڈرا‘ نے انہدامی کاروائیوں کے بجائے ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی اور اب تک کئے گئے انہدامی کاروائیوں کے مقامات سے ملبہ کی منتقلی کے اقدامات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ہفتہ سے ’حیڈرا‘ کے عہدیدار دوبارہ سرگرم عمل ہوتے ہوئے فٹ پاتھ اور سڑکوں پر کئے جانے والے قبضہ جات کی برخواستگی کی مہم کا آغاز کریں گے اور اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ٹریفک پولیس انتظامیہ سے بھی مشاورت مکمل کی جاچکی ہے ۔3