دیپا داس منشی کی کڈیم سری ہری اور ان کی دختر سے ملاقات

   

کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت ، ورنگل سے کڈیم کاویا کانگریس امیدوار متوقع
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست میں سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے ۔ کل حلقہ لوک سبھا ورنگل بی آر ایس کی امیدوار کڈیم کاویا مقابلہ سے دستبردار ہوگئی ۔ تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپاداس منشی کانگریس کے دوسرے قائدین کے ساتھ آج کڈیم سری ہری کی قیام گاہ پہونچ گئی انہیں اور ان کی دختر کو کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت دی ۔ جس کو کڈیم سری ہری اور ان کی دختر نے قبول کرلیا ۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کی دختر کڈیم کاویا کو حلقہ لوک سبھا ورنگل سے کانگریس کا امیدوار بنانے کا بھی پیشکش کیا ۔ کڈیم سری ہری نے قیام گاہ پہونچنے والی دیپاداس منشی کا خیر مقدم کیا ۔ گلدستہ پیش کیا ۔ دیپاداس منشی کے ساتھ کانگریس کے قائدین روہت چودھری ، وشنوناتھ ، ملوروی ، روہن ریڈی ، سمپت کمار کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ تقریبا آدھے گھنٹے تک کانگریس کے قائدین کڈیم سری ہری کی قیام گاہ پر موجود تھے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ واپسی کے دوران دیپا داس منشی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کڈیم سری ہری اور ان کی دختر کڈیم کاویا کو کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ۔ جس کو انہوں نے قبول کرلیا ہے اور وہ بہت جلد کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ کڈیم سری ہری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی کانگریس میں شامل نہیں ہوئے ۔ دیپاداس منشی اور تلنگانہ کانگریس کے قائدین نے میری قیام گاہ پہونچے کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں مستحکم کرنے مجھے اور میری دختر کو کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ۔ وہ ابھی قطعی فیصلہ پر نہیں پہونچے تاہم ان کے بی آر ایس سے مستعفی ہونے کے کئی وجوہات ہے ۔ وہ ایک دو دن میں اپنے حامیوں اور کارکنوں سے مشاورت کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے باقاعدہ طور پر واقف کرائیں گے ۔ ورنگل کا کانگریس امیدوار کون ہوگا اس کا انہیں علم نہیں ہے۔۔2