دیگر زبانوں کا احترام ضروری لیکن مادری زبان کی قیمت پر نہیں، امیت شاہ کو ممتا کا جواب

,

   

کولکاتا ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کو کہا کہ لوگوں کو تمام زبانوں اور تہذیبوں کا احترام کرنا چاہئے لیکن اپنی مادری زبان کی قیمت پر ایسا نہیں کرنا چاہئے ۔ ممتا بنرجی کا بیان مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان کے جواب میں سامنے آیا کہ سارے ملک کی ایک ہی مشترکہ زبان ہونی چاہئے اور یہ ہندی زبان ہی ہے جو سارے ملک میں بولی جاتی ہے اور یہی زبان سارے ملک کو متحد رکھ سکتی ہے ۔ ’’یوم ہندی‘‘ کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیا کہ ہم کو تمام زبانوں کا احترام کرنا چاہئے اور زیادہ سے زیادہ زبانیں سیکھنا چاہئے مگر ا پنی مادری زبان کو نہیں بھولنا چاہئے۔ ’’ہندی دیوس‘‘ (یوم ہندی) اس دن کی یادگار کے طور پر منایا جاتا ہے جب 1949 ء کو دستور ساز اسمبلی نے ہندی کو سرکاری زبان قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلا ’’ہندی دیوس‘‘ 1953 ء میں منایا گیا تھا۔