حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کو دور دراز دیہاتوں اور مواضعات میں نل کے ذریعہ صاف پینے کا پانی سربراہ کرنے والی ملک میں واحد ریاست تسلیم کیا ہے اور اس کے اعتراف میں ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ چنانچہ ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ اور ان کی ٹیم گاندھی جینتی کے موقع پر 2 اکٹوبر کو نئی دہلی میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ایوارڈ حاصل کریں گے۔ ایڈیشنل سکریٹری اور ڈائرکٹر نیشنل جل جیون مشن وکاس شیل نے ریاستی حکومت کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے اُنھیں مدعو کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر پوری ٹیم بشمول مقامی عوامی نمائندوں اور پنچایت سکریٹریز کو مبارکباد دی۔ اس اعزاز کے لئے مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہاکہ اس کا سہرا چیف منسٹر اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کے سر ہے۔