’دی اسٹیٹس مین ونٹیج‘کار ریلی کا کامیاب انعقاد

   

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں عہد رفتہ کی شان کی علامت اورنایاب و نادر کاروں کی ‘دی اسٹیٹس مین ونٹیج اینڈ کلاسک’ کار ریلی کے 58ویں ایڈیشن کو اتوار کو مہمان خصوصی اور انڈین آئل کارپوریشن کے چیئرمین اروندر سنگھ ساہنی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔نایاب گاڑیوں کے دلدادہ ،موٹر گاڑیوں کے شوقین اور ونٹیج اور کلاسک کاروں کے جمع کرنے والوں نے آج صبح یہاں اسٹیٹس مین ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ مختلف ماڈلز کے نایاب کاروں میں 1914 سے لیکر 1960تک کاریں جیپ اور منی کار شامل تھیں۔اس ریلی میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز 1914کا فائر بریگیڈ گاڑی تھی، جو اس وقت آگ بجھانے کے لئے استعمال کی جاتی تھی۔یہ گاڑی حیدرآباد کے لالہ گوڑہ فائر اسٹیشن میں استعمال ہوتی تھی۔اہم ونٹیج کاروں میں رولز رائس، امپالا، مرسیڈیز، فیئیٹ اور دیگر کاریں شامل رہیں۔سنبھال کر اور بہترین طریقے سے محفوظ ونٹیج اور کلاسک کاروں کا قافلہ اسٹیٹس مین ہاؤس سے روانہ ہوا۔ یہ ونٹیج اور کلاسیکی کاریں شہر کے اہم مقامات سے گزریں اور عام لوگوں اور خاص طور پر نادر و نایا ب کاروں کے شوقین اور دلچسپی رکھنے والوں کو مسحور،متحیر کرتے ہوئے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم، انڈیا گیٹ پر پہنچیں۔