چیف منسٹر ریونت ریڈی کی آر آر آر، میٹرو ریل، موسیٰ ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ
حیدرآباد ۔ 16 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر مال و ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ریجنل رنگ روڈ، میٹرو ریل اور موسیٰ ڈیولپمنٹ پر خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے آبادی کے بڑھتے ہوئے تناسب کے ساتھ انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آج ہائی ٹیکس میں اہتمام کردہ ٹائمس ہوم پراپرٹی ایکسپو پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے توقع کے مطابق ترقیاتی کام نہ ہونے کا اعتراف کیا۔ کانگریس اقتدار کے چھ ماہ مکمل ہورہے ہیں ان میں تین ماہ انتخابی ضابطہ اخلاق میں چلے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں پر مکمل توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ کی کافی اہمیت ہے۔ ملک اور بیرون ممالک کی نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیاں حیدرآباد اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی دکھارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں چیف منسٹر آندھراپردیش امراوتی کی ترقی پر خصوصی توجہ دیں گے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی گریٹر حیدرآباد کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں بالخصوص ریجنل رنگ روڈ، میٹرو ریل کی توسیع اور موسیٰ ندی کی ترقی پر خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ رجسٹریشن کے معاملے میں بھی کمپنیوں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز اور مشوروں پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ دو دن میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرنے کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر مال نے کہا کہ پڑوسی ریاست میں نئی حکومت تشکیل پائی ہے۔ ہمارے پاس بھی کچھ ہونے کے شبہات میں نہ رہنے کا بلڈرس کو مشورہ دیا۔ تلنگانہ کانگریس حکومت کی جانب سے بلڈرس کی مکمل مدد کی جائے گی۔ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے کاموں میں حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ رئیل اسٹیٹ شعبہ کیلئے حیدرآباد محفوظ مقام ہونے کا دعویٰ کیا۔2