رائے دہی میں اضافہ کیلئے سرکاری اداروں کے تعاون سے شعور بیداری مہم وکاس راج نے پوسٹر جاری کیا

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے لوک سبھا چناؤ میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے شعور بیداری مہم کے تحت سرکاری اداروں ریلویز ، پوسٹل اور پٹرولیم کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ انہوں نے مذکورہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ شعور بیداری پوسٹل جاری کیا جس کے تحت رائے دہندوں کو اپنے جمہوری حق سے استفادہ کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ وکاس راج نے کہا کہ تینوں سرکاری اداروں کے تعاون سے ریاست بھر میں شعور بیداری مہم کا مقصد رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں شعور بیداری مہم کا آغاز کیا ہے۔ سرکاری اداروں نے چیف الیکٹورل آفیسر سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جس کے تحت ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ نے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی اسٹامپ کی اجرائی اور دیگر اقدامات کا حوالہ دیا ۔ پٹرولیم شعبہ سے ایچ پی سی ایل ، بی پی سی ایل اور آئی او سی ایل کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ریاست کے تمام پٹرول پمپس پر شعور بیداری میٹریل فراہم کیا جائے گا۔ پی بھاسکر ریڈی ڈپٹی چیف کمرشیل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ریلویز کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ریلویز کی جانب سے اسٹیشنوں پر شعور بیداری پوسٹرس لگائے جائیں گے۔ سرفراز احمد جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے مہم کی تفصیلات بیان کی ۔1