راجستھان میں ایک ہزار اندرا کچن کھلیں گے

   

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ مہنگائی سے راحت اور ریاست کے ہر فرد کو بھر پیٹ خوراک فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے اب دیہی علاقوں میں بھی ایک ہزار اندرا کچن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گہلوٹ جمعہ کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر اندرا کچن یوجنا کے حوالے سے منعقد ایک اہم میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا آغاز 10 ستمبر کو ٹونک ضلع کے نیوائی کے نزدیک جھلی سے کیا جائے گا اور یہ تمام ایک ہزار کچن راجویکا گروپ کی خواتین چلائیں گی۔ اس سے 10 ہزار سے زائد خواتین کو روزگار بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی اندرا کچن یوجنا کے ذریعے غریب اور ضرورت مند لوگوں کو صرف آٹھ روپے میں غذائیت سے بھرپور کھانا مل رہا ہے ۔ اس اسکیم کے ذریعے ‘کوئی بھی بھوکا نہیں سونا چاہیے ‘ کی قرار داد سچ ثابت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اس اسکیم کے ذریعے صرف آٹھ روپے میں آرام دہ ماحول میں پیٹ بھر کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ طلباء اور کارکنوں سمیت تمام طبقوں کے لوگوں کو اس اسکیم کا فائدہ مل رہا ہے ۔