راجستھان میں عازمین حج کی بس پر اشرار کا حملہ

,

   

جئے پور : راجستھان کے کوٹہ علاقے میں عازمین حج کو لے جانے والی بس پر اشرار نے حملہ کر دیا جس میں خواتین سمیت کئی عازمین زخمی ہو گئے۔ چہارشنبہ کی رات عازمین حج کو لے کر جے پور ایرپورٹ کے راستے میں ایک بس کو ہندوتوا کے غنڈوں نے راجستھان کے کوٹہ ضلع میں روک دیا، حملے میں کچھ عازمین زخمی ہوئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بس میں سوار افراد نے کہا کہ زائرین ایئرپورٹ جارہے تھے کہ کچھ نامعلوم غنڈوں نے ان کی بس کو روکا اور اس پر پتھراؤ کیا۔ کئی پتھر شیشے کو توڑ کر بس کے اندر گر پڑے جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ اشرار بس کے اندر داخل ہوئے اور بس میں نوجوان خواتین کو دیکھا اور ان کے نام چیک کئے۔ جب یہ معلوم ہوا کہ بس میں سوار تمام لوگ مسلمان ہیں تو غنڈوں نے ان پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے ہمیں جئے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کیا اور کہا کہ وہ ہماری تمام خواتین کو اغوا کر لیں گے۔ اس کے بعد انہوں نے بس میں موجود مردوں اور خواتین کو مارنا شروع کردیا۔ انہوں (ہندوتوا کے غنڈوں) نے بس کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، انہوں نے بتایا کہ ایک نوجوان نوعمر لڑکی کو کئی بار لات ماری گئی۔پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزمین کی شناخت مہیش سمن، سنیل سمن، انل سینی، راہول عرف کالو سینی، روہت اور نوین پچنال کے طور پر ہوئی ہے جو کنہڑی اور نیاکھیڑا کے ساکن ہیں۔ پولیس نے کہا کہ تحقیقات جاری ہے۔