راجستھان میں گروپ بندی پر کانگریس کا سخت فیصلہ کرنے کا امکان

   

اندور : راجستھان میں بھارت جوڑو یاترا کے داخل ہونے سے پہلے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ میں تیز ہوئی دھڑے بندی کے درمیان کانگریس نے کہا ہے کہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے پہلے مفاہمت کی کوشش کی جائے گی اگربات نہیں بنی تو سخت فیصلے بھی لیے جا سکتے ہیں۔گہلوت ۔ پائلٹ کے درمیان جاری زبردست دھڑے بندی کے تعلق سے کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے آج ایک پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے فریقین کے درمیان مرکزی سطح پر بھی مفاہمت کی کوششیں جاری ہیں اور اگر پارٹی کے مفاد میں مفاہمت نہیں ہوئی تو کانگریس قیادت سخت فیصلے لے سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر پائلٹ کے بارے میں مسٹر گہلوت کا تبصرہ قابل اعتراض تھا۔ ایک سینئر لیڈر کو نوجوان اور پرجوش ساتھی کے لئے اچھے تبصرے کرنے چاہئیں۔ امید کی جا سکتی ہے کہ بحران کا حل جلد نکال لیا جائے گا۔مسٹر رمیش نے کہا کہ کانگریس قیادت راجستھان کے بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے دونوں لیڈران سے سمجھوتہ کرنے اور پارٹی کے مفاد میں قدم اٹھانے پر زور دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مسئلے کا جلد حل نکال لیا جائے گا۔