جے پور: راجستھان میں آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت 12 اگست کو سبھی اسکولوں میں طلباء ایک ساتھ حب الوطنی نغمے گائیں گے اور اس درمیان ایک کروڑ طلباء گا کر عالمی ریکاڈ بنائیں گے ۔اسکول ایڈیشنل چیف سکریٹری پون کمار گوئل نے آج بتایا کہ طالب علموں میں حب الوطنی جگانے کے مقصد سے آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت ریاست کے سبھی سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں میں جمعہ کے دن صبح دس بجے ایک ہی وقت میں ایک ساتھ حب الوطنی نغموں کو گروپ میں گایا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ ریاستی سطح پر جے پور میں سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے پروگرام میں وزیر اعلی اشوک گہلوت شرکت کریں گے وہیں ضلعی سطح کے پروگراموں سے متعلق ضلع انچارج وزیر مہمان خصوصی کے طور پر حصہ لیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ حب الوطنی نغموں کے پروگرام میں کم سے کم ایک کروڑ اسکولی طلبا ء حصہ لینے کی امید ہیں۔ جو ایک عالمی ریکارڈ قائم کر سکتا ہے ۔مسٹر گوئل نے بتایا کہ ضلعی سطح پر پروگرام ضلع کے ان جگہوں پر کیا جائے گا،جن جگہوں پر یوم آزادی کا پروگرام منعقد کیا جاتا رہا ہے ۔
اکالی لیڈر بکرم مجیٹھیا کو ملی ضمانت
چنڈی گڑھ: شرومنی اکالی دل کے لیڈر اور سابق وزیر بکرم مجیٹھیا کو تقریباً ساڑھے پانچ ماہ بعد بدھ کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔ہائی کورٹ نے چند روز قبل اس معاملے میں فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ منشیات کے معاملے میں پٹیالہ جیل میں بند مجیٹھیا کو آج باقاعدہ ضمانت دے دی گئی۔ان کے خلاف گزشتہ 20 دسمبر کو نارکوٹکس ڈرگس سائیکو ٹراپک سبسٹینس ایکٹ 1985 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور انتخابات قریب ہونے کی وجہ سے انہیں چناؤ کے بعد 24 فروری تک راحت مل گئی تھی۔ انہوں نے ضمانت کے لیے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، جس میں انہوں نے اس وقت کی کانگریس حکومت پر سیاسی فائدہ اٹھانے اور سیاسی بدلہ اور طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے جھوٹے معاملے میں کیس درج کرنے کا الزام لگایا تھا۔