راجناتھ کی جاپانی وزیر دفاع کیساتھ باہمی تعلقات پر بات چیت

   

نئی دہلی ۔29 اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج جاپان کے وزیردفاع تارو کونو کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ سنگھ نے کونو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی تاجپوشی کیلئے ہندستان کی طرف سے انہیں مبارکباد دی۔ اس مہینہ کے شروع میں جاپان میں شدید طوفان ہیگ بیس کی وجہ سے جان و مال کے نقصان پر انہوں نے گہرا دکھ ظاہر کیا۔ طوفان سے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے جاپان حکومت کی طرف سے کی گئی کوششوں کی بھی انہوں نے تعریف کی۔ہندستان اور جاپان کے مابین مضبوط دفاعی تعاون پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے گزشتہ ستمبر کے اپنے جاپان کے دورہ کے دوران وزیراعظم شنزو آبے اور اس وقت کے وزیر دفاع تاکیشی ایوایا کے ساتھ اپنی کامیاب ملاقاتوں کا ذکر کیا۔ اگلے ماہ بنکاک میں آسیان وزرائے دفاع اجلاس کے دوران کونو سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔