راجندر نگر میں اقلیتی فینانس کارپوریشن سے سلائی مشینوں کی تقسیم

   

صدرنشین کارپوریشن عبید اللہ کوتوال اور رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کی شرکت
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے غریب اقلیتی خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ صدرنشین کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال نے آج راجندر نگر اسمبلی حلقہ میں اندراماں میناریٹی مہیلا شکتی اسکیم کے تحت مستحق خواتین میں 200 سلائی مشین کی تقسیم عمل میں لائی ۔ رکن اسمبلی راجندر نگر پرکاش گوڑ کے کیمپ آفس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ عبید اللہ کوتوال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اقلیتی خواتین میں 42230 سلائی مشینوں کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کیلئے اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں 10490 سلائی مشین تقسیم کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں 33750 مشینوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اقلیتی نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز کیلئے راجیو یووا شکتی اسکیم کے تحت 50 ہزار تا 4 لاکھ روپئے تک سبسیڈی پر مبنی قرض کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ستائش کی اور کہا کہ کارپوریشن کی جانب سے اقلیتوں کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے راجندر نگر اسمبلی حلقہ کے قریب اقلیتی خاندانوں کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل کرنے کی درخواست کی ۔ عبید اللہ کوتوال نے تیقن دیا کہ وہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں ٹریننگ ایمپلائیمنٹ کی اسکیمات کا آغاز کرینگے ۔ 1