راجندر کے قلعہ کو فتح کرنے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو ذمہ داری

,

   

ریاستی وزیر کملاکر سے چیف منسٹر مایوس، کیڈر کو متحد رکھنے نئے ترقیاتی پراجکٹس کامنصوبہ
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر کے مضبوط قلعہ حضورآباد کو فتح کرنے کیلئے دو سپہ سالار مقرر کئے ہیں جو ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ ہیں۔ انہیں ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ حضور آباد کو نہ صرف فتح کریں بلکہ ضمنی انتخابات تک ٹی آر ایس کے قائدین اور کیڈر کو راجندر کیمپ میں شامل ہونے سے روکیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کریم نگر سے تعلق رکھنے والے وزیر بی سی ویلفیر جی کملاکر کو حضورآباد کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن وہ پارٹی کیڈر کو متحد رکھنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔ ایٹالہ راجندر سے مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط قیادت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو حضور آباد کی ذمہ داری دی ہے ۔ حالیہ دنوں میں ٹی آر ایس کے کئی قائدین اور مجالس مقامی کے نمائندوں نے راجندر کے کیمپ میں شمولیت اختیار کی۔ راجندر کا حضور آباد میں غیر معمولی اثر ہے اور وہ عوامی خدمات کے سبب رائے دہندوں میں مقبولیت رکھتے ہیں۔ ضمنی انتخاب کی صورت میں کے سی آر نہیں چاہتے کہ راجندر کو کامیابی ملے کیونکہ راجندر کی کامیابی پارٹی میں ناراض سرگرمیوں میں اضافہ کا سبب بن سکتی ہیں ، لہذا راجندر سے مقابلہ کے لئے کے ٹی آر اور ہریش راو کا انتخاب کیا گیا ۔ یہ دونوں وزراء حضور آباد کا وقفہ وقفہ سے دورہ کریں گے اور پارٹی کیڈر کو متحدہ رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ 2 مئی کو کابینہ سے راجندر کی برطرفی کے بعد ریاستی وزیر کملا کر کو حضور آباد کی ذمہ داری دی گئی اور انہیں مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ پارٹی کیڈر کے اجلاس منعقدکرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حضور آباد میں پارٹی کے کمزور موقف پر الجھن کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ راجندر سے مقابلہ کملاکر کے بس کی بات نہیں۔ وزیر جی کملاکر کی بیان بازی کے نتیجہ میں پارٹی کو فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوا۔ ضلع کے زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سی ، سرپنچ ، وارڈ ممبر اور کونسلرس کی اکثریت راجندر کے ساتھ ہیں۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حضور آباد حلقہ میں نئے ترقیاتی پراجکٹس کا آغاز کریں اور پارٹی کیڈر کو راجندر کیمپ میں شمولیت سے روکیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ لاک ڈاؤن کے اختتام کے فوری بعد کے ٹی آر اور ہریش راؤ ، سابق وزیر راجندر کے قلعہ پر حملہ کردیں گے ۔