راجکپور کا پشتینی مکان ،مالک فروخت کرنا نہیں چاہتا

   

پشاور: ہندوستان کے مایہ ناز فلمساز اداکار و ہدایت کار آنجہانی راجکپور کے آبائی مقام پشاور میں واقع ان کے پشتینی مکان کے موجودہ مالک نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے طئے کردہ قیمت پر مکان فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پشاور کے ایک اہم مقام پر واقع اس مکان کی قیمت کم لگائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں حکومت نے مکان کی قیمت 1.5 کروڑ روپئے لگائی تھی تاکہ اسے راجکپور کی یاد میں ایک میوزیم میں تبدیل کردیا جائے۔ مکان کے موجودہ مالک حاجی علی صابر نے ایک مقامی نیوز چیانل سے بات کرتے ہوئے آبائی مکان کی 1.5 کروڑ روپئے میں فروخت کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اتنے پیسوں میں تو موجودہ مکان کا نصف حصہ بھی نہیں مل سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکان کی حقیقی قیمت 200 کروڑ روپئے ہونی چاہئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کپور حویلی کو راجکپور کے دادا دیوان بشیشور ناتھ کپور نے 1918ء تا 1922ء کے درمیان یہاں کے مشہور علاقہ قصہ خوانی بازار میں تعمیر کروایا تھا۔