راجہ سنگھ کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ

   

مسلم عبوری اسپیکر کے خلاف نازیبا ریمارکس پر کانگریس کا شدیدردعمل

حیدرآباد ۔8جنوری ( سیاست نیوز) ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی ڈاکٹر شراون نے مسلم عبوری اسپیکر کے خلاف نازیبا ریمارکس کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ۔43 مقدمات کا سامنا کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی چیف منسٹر سے وجہ طلب کی ۔ مذہبی جذبات بھڑکانے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرنے کا اسد الدین اویسی اور راجہ سنگھ پر الزام عائد کیا ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ ایک مسلم عبوری اسپیکر کے ہاتھ پر حلف نہ لینے کا بیان جاری کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے سارے مسلمانوں کے جذبات کوٹھیس پہنچائی ہے ۔ جمہوریت اور سیکولرازم کا نمونہ رہنے والے اسمبلی میں راجہ سنگھ کورہنا زیب نہیں دیتا ، انہیں فوری اسمبلی کیلئے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ۔ اے آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ 43 مقدمات کا سامنا کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی نہ کرنا تعجب خیز ہے ۔ ان میں زیادہ تر مقدمات مذہبی جذبات بھڑکانے سے متعلق ہے ، علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 2014ء سے ٹی آر ایس کے دور حکومت میں راجہ سنگھ کے خلاف 24 مقدمات درج ہوئے ہیں ، باوجود اس کے ٹی آر ایس کے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں انہیں ایک مرتبہ بھی گرفتار نہیں کیا گیا ۔ سیکولرازم کا دعویٰ کرنے والی ٹی آر ایس حکومت بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا تحفظ کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت پولیس کو راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کرنے سے کیوں روک رہی ہے ۔ چیف منسٹر اس کی وضاحت کریں ۔ ٹی آر ایس کی حلیف رہنے والی مجلس اور اس کے صدر اسد الدین اویسی ، راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے حکومتپر کیوں دباؤ نہیں ڈال رہے ہیں ، کیا معاہدہ ہوا ہے جس کو راز میں رکھا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ اویسی برادرس اور بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ مذہبی نفرت پھیلانے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ راجہ سنگھ نے مسلم عبوری اسپیکر کے ہاتھوں حلف نہ لینے کا جو ویڈیو جاری کیا ہے اس کو بنیاد بناکر انہیں اسمبلی کیلئے نااہل قرار دینے اور مقدمات کے پیش نظر ان کے خلاف کارروائی کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا ، کیونکہ صرف مذہب کے اساس پر راجہ سنگھ نے حلف لینے سے انکار کیا ہے ۔ ان کی رکنیت ختم کرنے کیلئے اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈاکٹر شراون نے کہاکہ ماضی میں کوئی ثبوت نہ ہونے کے باوجود ٹی آر ایس حکومت نے صدرنشین کونسل سوامی گوڑ پر حملہ کرنے کے الزام میں کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردی گئی ۔