حیدرآباد ۔29۔اگست (سیاست نیوز) بی جے پی سے معطل شدہ رکن اسمبلی ملعون ٹی راجہ سنگھ کے ایڈوکیٹ کے کرونا ساگر کو سیکوریٹی فراہم کرنے کی درخواست کے ساتھ تلنگانہ ہائی کورٹ کے وکلاء نے چیف جسٹس اجل بھویاں کو یادداشت حوالے کی ۔ بار کونسل تلنگانہ کے ارکان نے چیف جسٹس کو بتایا کہ راجہ سنگھ کے مقدمہ کی پیروی کے نتیجہ میں کرونا ساگر کو دھمکیا دی جارہی ہیں۔ چمپا پیٹ سے تعلق رکھنے والے کرونا ساگر نے شکایت کی کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور نامعلوم افراد انہیں فون پر یہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ راجہ سنگھ کی ضمانت پر رہائی کی پیروی کے بعد سے یہ دھمکیاں مل رہی ہیں۔ کرونا ساگر نے چیف جسٹس کو راجہ سنگھ کے مقدمہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن سعیدآباد میں دو شکایات درج کرائی گئیں اور پولیس نے ایک شکایت پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ کرونا ساگر نے 26 اگست کو ہائی کورٹ کے احاطہ میں نامعلوم شخص کی جانب سے انہیں مشتعل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پولیس اسٹیشن چارمینار میں شکایت کی گئی لیکن ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ چیف جسٹس سے درخواست کی گئی کہ وہ سیکوریٹی کی فراہمی کیلئے ضروری احکامات جاری کریں۔ر