راجہ شاہ زیب پہلا کشمیری پائلٹ

   

سری نگر: وادی کشمیر کے نوجوان مختلف شعبہ ہائے حیات میں اپنی صلاحیتوں اور ذہانت و ذکاوت کا مظاہرہ کرکے جہاں اپنے وطن کا نام روشن کر رہے ہیں وہیں دوسروں کے لئے بھی کامیابی و کامرانی کی ایک مثال بن رہے ہیں۔ایسی ہی مثال جنوبی کشمیر کے مشہور قصبہ ترال سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی ہے جس نے شاہین کی مانند فضا میں اڑان بھرنے کے خواب کو اپنی محنت اور جہد مسلسل کے فارمولے پر عمل کرکے شرمندہ تعبیر کر دیا۔راجہ شاہ زیب نامی یہ نوجوان قصبہ ترال کا پہلا نوجوان ہے جس کو پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور ائیر انڈیا نے تمام لوازمات کی ادائیگی کے بعد ان کی پائلٹ کے طور پر تقرری عمل میں لائی ہے ۔انہوں نے دہلی سے یو این آئی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کہا: ‘تیسری جماعت سے ہی مجھے پائلٹ بننے کا شوق تھا گرچہ گھر والے مجھے سول سروس میں دیکھنا چاہتے تھے تاہم میں نے اپنے شوق کو پورا کرنے کے لئے جد وجہد جاری رکھی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک الگ فیلڈ تھا اس لئے گھر والوں کو اس کے متعلق سمجھانے اور اس کی طرف راغب کرنے میں کسی قدر دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہر مرحلے پر ان کا بھر پور تعاون رہا جس سے میں اپنی منزل کو حاصل کر سکا۔