راجیہ سبھا انتخابات میں تلگودیشم حصہ نہیں لے گی: چندرا بابو نائیڈو

   

وائی ایس آر کانگریس کے تینوں امیدواروں کی کامیابی یقینی
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں راجیہ سبھا کی 3 نشستوں کیلئے انتخابی مرحلہ جاری ہے اور کل 15 فروری پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی راجیہ سبھا کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے راجیہ سبھا کے تینوں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ تلگودیشم کی جانب سے امیدوار کھڑا کئے جانے پر جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں الیکشن سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ تلگودیشم کے پاس راجیہ سبھا کی نشست پر کامیابی کیلئے درکار تعداد نہیں ہے۔ اجلاس کے بعد پارٹی قائدین نے واضح کیا کہ امیدوار کو میدان میں اتار کر غیر صحتمندانہ روایت قائم کرنے کا ارادہ نہیں ہے کیونکہ امیدوار کو کامیابی کیلئے وائی ایس آر کانگریس کے ارکان کے کراس ووٹنگ کی ضرورت پڑے گی۔ تلگودیشم کے قیام کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب راجیہ سبھا میں تلگودیشم کی نمائندگی نہیں رہے گی۔ 2 اپریل کو آندھرا پردیش کے جن تین ارکان کی میعاد ختم ہورہی ہے ان میں وی پربھاکر ریڈی ( وائی ایس کانگریس پارٹی ) ، سی ایم رمیش ( بی جے پی) اور کے رویندر کمار (تلگودیشم ) شامل ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا کیلئے وائی وی سبا ریڈی، جی بابو راؤ اور ایم رگھوناتھ ریڈی کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ تلگودیشم کے فیصلہ کے بعد وائی ایس آر کانگریس کے تینوں ارکان کا بلامقابلہ انتخاب یقینی ہوچکا ہے۔1