راج بھون سنکرانتی تہوار کا جشن

   

گورنر نے عوام کو مبارکباد دی اور خصوصی گو پوجا کی
حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے عوام کو سنکرانتی تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط کے تحت تہوار منانے کا مشورہ دیا۔ راج بھون میں تہوار جوش و خروش سے منایا گیا۔ گورنر نے تہوار کے خصوصی پکوان میں حصہ لیا اور خصوصی پوجا بھی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا بالخصوص ریاست کے کسانوں کو مبارکباد دی۔ گورنر نے کہا کہ کورونا وباء سے محفوظ رہنے کیلئے ویکسین ڈھال کا کام کرتی ہے۔ ریاست میں کورونا ٹیکہ کا پہلا ڈوز صدفیصد مکمل ہونے پر دوسرے ڈوز کی مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔ گورنر نے کہا کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی کی مہم اطمینان بخش ہے اس کیلئے طبی عملہ قابل مبارکباد ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے طبی شعبہ کو بڑی حد تک مستحکم کیا گیا ہے۔ سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتیں عوام کو پوری طرح میسر ہورہی ہیں۔ن