رافیل مسئلہ کو سپریم کورٹ نے واضح کردیا ہے

,

   

کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر وزیر خارجہ سشماسوراج کا بیان
نئی دہلی ۔ /3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سور اج نے راجیہ سبھا میں کہا کہ رافیل مسئلہ پر کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے ہر مسئلہ کا جواب سپریم کورٹ نے دیا ہے ۔ اپوزیشن پارٹی کے قائدین کے ذہنوں میں جو کچھ ہے اس کے ماسوا سپریم کورٹ نے تفصیلی وضاحت کردی ہے ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ کے جواب سے غیر مطمین کانگریس ارکان نے جن میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ بھی شامل ہیں ایوان سے واک آؤٹ کردیا ۔ کانگریس لیڈر آنند شرما نے اپنے ضمنی سوال میں یاد دلایا کہ حکومت نے وزیراعظم نریندر مودی اور سابق صدر فرانس فرینکوئی اولاند کی ملاقات کی لمحہ بہ لمحہ تفصیلات کو عوام کے سامنے پیش کیا تھا ۔ رافیل معاہدہ پر دونوں قائدین کی بات چیت گزشتہ سال ہوئی تھی ۔ اس بات چیت کے ذریعہ رافیل سے متعلق تمام تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ اس پر سشما سوراج نے کہا کہ آنندجی اس بارے میں کوئی تنازعہ نہیں ہے ان تمام متنازعہ مسائل کو سپریم کورٹ نے وضاحت کردیا ہے ۔ براہ کرم اس بارے میں دوبارہ لفظ ’’تنازعہ‘‘ کا استعمال نہ کریں ۔ سشما سوراج نے کہا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ اس مسئلہ پر کوئی تنازعہ نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے ہر ایک مسئلہ کی وضاحت کی ہے ۔ شیوسینا رکن سنجے راوت کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر سشما سوراج نے کہا کہ اس معاملہ پر کوئی بحث نہیں ہوئی ہے ۔