رام موہن کی خدمات ناقابل فراموش : کے ٹی آر

   


تلنگانہ میں گریٹر حیدرآباد کا پہلا مئیر باعث اعزاز : بی رام موہن
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر مئیر کی میعاد مکمل کرنے والے بی رام موہن کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 5 سال کے دوران گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لیے سابق مئیر نے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوں ، فلائی اوورس کی تعمیرات میں بی رام موہن نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ شہر کی صاف صفائی اور دوسرے ترقیاتی کاموں کے لیے سابق مئیر نے اپنے آپ کو وقف کردیا تھا ۔ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی اس کو پوری طرح نبھایا ہے ۔ کے ٹی آر کے ٹیوٹ کا جواب دیتے ہوئے بی رام موہن نے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت نے انہیں تلنگانہ کے پہلے جی ایچ ایم سی مئیر بننے کا موقع فراہم کیا ہے جس کے لیے وہ پارٹی قیادت سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور اس عہدے پر 5 سال تک خدمات انجام دینے پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔ انہوں نے بحیثیت مئیر پانچ سال تک ان کا احترام کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ۔ بی رام موہن نے کہا کہ انہوں نے شہر حیدرآباد کی ترقی کے لیے دن رات محنت کی ۔ شہر حیدرآباد کو عالمی طرز کی ترقی دینے کے اقدامات کئے ۔ کے ٹی آر نے شہر کی ترقی کے لیے جو بھی منصوبے تیار کئے اس کو عملی جامہ پہنانے کی ہر ممکن کوشش کی جس کی وجہ سے گریٹر حیدرآباد میں عوام کو جہاں بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں ۔ وہیں تمام علاقوں کو ترقیاتی اقدامات سے جوڑا گیا ۔ انہیں گریٹر حیدرآباد کا مئیر بنانے پر وہ چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔۔