رام چرن بمقابلہ جونیئر این ٹی آر، سوشل میڈیا پر بحث

   

حیدرآباد،26 مئی (ایجنسیز) جنوبی ہند کی فلموں کے دو بڑے سوپر اسٹارز رام چرن اور جونیئر این ٹی آر ایک بار پھر اپنی دولت، پرتعیش طرزِ زندگی اور فلمی کامیابیوں کے باعث خبروں میں ہیں۔ فلم آرآرآر کی عالمی کامیابی کے بعد دونوں اداکاروں کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا، تاہم حالیہ رپورٹس میں ان کی مجموعی دولت کا موازنہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ رام چرن دولت کے معاملے میں جونیئر این ٹی آر سے کافی آگے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رام چرن کی مجموعی دولت تقریباً 1370 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ جونیئر این ٹی آرکی مجموعی دولت تقریباً 500 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔ رام چرن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2007 میں فلم چروتا سے کیا تھا، تاہم انہیں اصل شہرت فلم مگدھیرا سے حاصل ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کی اور آج وہ تیلگو سنیما کے مہنگے ترین اداکاروں میں شمارکیے جاتے ہیں۔ فلم آرآرآر نے ان کی عالمی شہرت میں مزید اضافہ کیا۔ رام چرن صرف فلموں تک محدود نہیں بلکہ مختلف کاروباری شعبوں میں بھی سرمایہ کاری رکھتے ہیں۔ وہ ایک پروڈکشن ہاؤس چلاتے ہیں جبکہ حیدرآباد میں قائم ایئر لائن کمپنی ٹروجٹ سے بھی ان کا تعلق بتایا جاتا ہے۔ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ فلموں، برانڈ اینڈورسمنٹ اور کاروباری سرمایہ کاری سے حاصل ہوتا ہے۔ دوسری جانب جونیئر این ٹی آر نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئرکا آغاز کیا تھا اور کم عمری میں ہی فلمی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بطور مرکزی اداکار ان کی پہلی بڑی کامیابی اسٹوڈنٹ نمبرون تھی، جس کی ہدایت کاری معروف ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی نے کی تھی۔ اس فلم کے بعد جونیئر این ٹی آر نے متعدد سوپر ہٹ فلموں کے ذریعے جنوبی ہند میں اپنی مضبوط شناخت قائم کی۔ این ٹی آر فی فلم 45 سے 80 کروڑ روپے تک معاوضہ وصول کرتے ہیں، جس کے باعث وہ ہندوستان کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل ہوچکے ہیں۔ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ فلموں، اشتہارات، برانڈ معاہدوں اور دیگر کاروباری سرگرمیوں سے آتا ہے۔رپورٹس میں حیدرآباد کے پوش علاقے جوبلی ہلز میں قیمتی رہائش گاہ موجود ہے، جبکہ ان کے کار کلیکشن میں بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز، پورش اور دیگر مہنگی گاڑیاں اورخانگی طیارے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔