رام گنگا ندی پل پر مال گاڑی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی

   

مرادآباد: 11 مئی (یو این آئی) مرادآباد ریلوے ڈویژن کے تحت دہلی-لکھنؤ روٹ پر آج صبح ایک بڑا ریلوے حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک مال گاڑی رام گنگا ندی کے پل پر پہنچنے پر اچانک دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ تکنیکی خرابی دور ہونے کے بعد آدھے گھنٹے بعد ریل ٹریک کو آپریشنل کیا جا سکا۔مرادآباد ڈویژنل ریلوے منیجر (ڈی آر ایم) راجکمار سنگھ نے بتایا کہ ایک مال گاڑی رن تھرو پر چل رہی تھی کہ اچانک ٹریک پر ایک جانور ٹرین سے ٹکرا گیا اور تکنیکی خرابی کی وجہ سے آپریٹنگ ہینڈل اوپر چلا گیا اور ٹرین ڈیکپل ہو گئی جسے لوکو پائلٹ کی مدد سے دوبارہ جوڑا گیا اور اسسٹنٹ لوکو پائلٹ نے ٹرین کو آگے بڑھایا۔ریلوے انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے جب بہار سے مرادآباد جانے والی مال گاڑی کا جوڑا اچانک ٹوٹ گیا تو ٹرین کا انجن اگلی چند بوگیوں کے ساتھ آگے بڑھ گیا جبکہ گارڈ کی گاڑی سمیت باقی ویگنیں رام گنگا ندی کے پل پر کھڑے رہ گئے ۔اس پورے واقعہ کو دیکھ کر وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔