نئی دہلی۔ اسٹار اسٹرائیکر رانی رامپال ہالینڈ کے خلاف آئندہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میچوں کے لیے گول کیپر سویتا کی قیادت میں خواتین کی 22 رکنی ہاکی ٹیم میں واپس آگئیں۔ اسکواڈ میں مڈفیلڈر مہیما چودھری اور اسٹرائیکر ایشوریہ راجیش چوان کی شکل میں دو نئے آنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں، جو جمعہ اور ہفتہ کو بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں ہونے والے دو میچوں میں سینئرٹیم میں ڈیبیوکریں گے۔ رانی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم گزشتہ سال ٹوکیو اولمپکس میں چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ یہ اسٹار اسٹرائیکر اس کے بعد زخمی ہونے کے باعث قومی ٹیم کی جانب سے نہیں کھیل سکے تھے۔ رانی کی واپسی کے باوجود گول کیپر سویتا ٹیم کی کپتان رہیں گی، جب کہ دیپ گریس ایکا نائب کپتان ہوں گی۔ ہندوستان تاہم ٹوکیو اولمپک کے شرکاء سلیمہ ٹیٹے، شرمیلا دیوی اور لالریمسیامی کی خدمات سے محروم رہے گا جو جنوبی افریقہ میں جونیئر ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ہندوستان کے ہیڈ کوچ یانک شوپمین نے کہا ہاکی پرو لیگ کے ہالینڈ کے خلاف میچوں سے میدان میں واپس آنا بہت اچھا ہے کہ اب انگلینڈ کی ٹیم دورہ کرنے کے قابل نہیں رہی ہے۔ ہمارے جونیئر کھلاڑی ورلڈکپ میں کھیل رہے ہیں اور اس سے ہمیں اپنے کورگروپ کی گہرائی کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔ میں میدان میں کچھ نئے چہروں کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔ رانی نے واپسی کے لیے سخت محنت کی ہے اور اگر پریکٹس اچھی رہی تو مجھے امید ہے کہ وہ ایک میچ میں کھیل سکیں گی۔ اس وقت ٹیم پرو لیگ میں چوتھے نمبر پر ہے۔ چھ میچوں سے 12 پوائنٹس کے ساتھ لیگ ٹیبل میں اس کا موقف اطمینان بخش ہے ۔ ہالینڈ چھ میچوں میں 17 پوائنٹس کے ساتھ ٹیموں میں سرفہرست ہے۔
معلنہ ٹیم: گول کیپر: سویتا (کپتان)، رجنی ایتیمارپو۔ دفاع: ڈیپ گریس ایکا (نائب کپتان)، گرجیت کور، نکی پردھان، اڈیتا، رشمیتا منز، سمن دیوی تھوڈم۔ درمیانی قطار: نشا، سشیلا چانو پکرمبم، جیوتی، نوجوت کور، مونیکا، نمیتا ٹوپا، سونیکا، نیہا، ماہیما چودھری۔ اگلی قطار: ایشوریہ راجیش چوان، نونیت کور، راجویندر کور، رانی رامپال، ماریانا کجور۔اسٹینڈ بائی: اپاسنا سنگھ، پریتی دوبے، وندنا کٹاریہ۔