نئی دہلی : مشہور صنعت کار اور بجاج گروپ کے سابق چیرمین راہول بجاج کا ہفتہ کو پونے میں انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 83 برس تھی ۔ وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ۔ وہ بجاج گروپ آف کمپنیز سے تقریبا 5 دہائیوں تک وابستہ رہے ۔ ملک کے سب سے کامیاب صنعت کاروں میں سے ایک راہول بجاج نے دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں کے شعبہ میں بجاج آٹو کو بنایا اور اسے خاص مقام تک پہنچادیا ۔ وہ راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے ۔ سال 2001 میں انہیں پدم بھوشن کا اعزاز بھی دیا جاچکا ہے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا نے بتایا کہ اتوار کو مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ ان کی آخری رسومات انجام دی جائیں گی ۔ پسماندگان میں دو لڑکے راجیو بجاج ، سنجیو بجاج اور دختر سنینا کجریوال شامل ہیں ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، وزیراعظم نریندر مودی ، کانگریس قائدین راہول و پرینکا گاندھی اور دیگر قائدین نے راہول بجاج کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔