راہول دھرم شالہ ٹسٹ سے بھی باہر ، بمراہ کی واپسی

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی وکٹ کیپر بیٹرکے ایل راہول جن کی آخری ٹسٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط تھی، دھرم شالہ میں انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹسٹ سے بھی باہر ہوگئے ہیں، بی سی سی آئی نے جمعرات کو اس تازہ ترین خبر کی اطلاع دی ہے ۔ راہول انگلینڈ کے خلاف حیدرآباد میں پہلے ٹسٹ کے بعد نہیں کھیلے ہیں۔ وشاکھاپٹنم میں دوسرے ٹسٹ سے پہلے بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ راہول دائیں ران میں درد کی شکایت کی وجہ سے میچ سے محروم رہیں گے۔ بورڈ نے ایک بیان میں کہا بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی قریب سے نگرانی کر رہی ہے اور ان کے مسئلے کے مزید انتظام کے لیے لندن میں ماہرین کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے۔ بورڈ نے مزید کہا کہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جنہیں رانچی میں چوتھے ٹسٹ میں آرام کی غرض سے اسکواڈ سے باہرکیا گیا تھا، پانچویں ٹسٹ کے لیے دھرم شالہ میں میں شامل ہوجائیں گے۔ دریں اثنا واشنگٹن سندرکو ممبئی کے خلاف 2 تا 6 مارچ ناگپور میں مقررہ رانجی ٹرافی سیمی فائنل میچ کے لیے تامل ناڈو کی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے اسکواڈ سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ بورڈ نے مزید کہا اگر ضرورت پڑی تو وہ پانچویں ٹسٹ کے لئے گھریلو مقابلے کی تکمیل کے بعد ہندوستانی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ پانچواں اور آخری ٹسٹ 7 مارچ کو دھرم شالہ کے ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
5ویں ٹسٹ کے لیے معلنہ ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، شبمن گل، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، دیودت پڈیکل، آر اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کماراورآکاش دیپ۔