راہول کا مکمل فٹ ہوکر آئی پی ایل میں واپسی کا امکان

   

نئی دہلی۔ اسٹار ہندوستانی وکٹ کیپر بیٹرکے ایل راہول میڈیکل معائنہ کے بعد لندن سے واپس آ گئے ہیں کیونکہ وہ اپنے دائیں ران میں کچھ تکلیف کا سامنا کر رہے تھے۔ حیدرآباد میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے دوران وہ زخمی ہو ئے تھے اور باقی میچوں سے باہر ہو گئے تھے۔ کرکٹر کے قریبی ذرائع نے پیرکو کو مطلع کیا وہ صحت کی بحالی کے لیے بنگلور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رہیں گے اور آئی پی ایل 2024 سے پہلے مکمل طور پر فٹ ہونے کے لیے کام کریں گے۔ جیسے جیسے آئی پی ایل 2024 قریب آرہا ہے راہول لیگ میں اترنے کے لیے بے تاب ہیں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ لکھنؤ سوپر جائنٹس کے کپتان کو جلد ہی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) سے اجازت مل جائے گی۔ یہ کوئی بڑی تکلیف نہیں تھی لیکن وہ صرف صد فیصد فٹ محسوس نہیں کر رہے تھے اور وہ کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے تھے اس لیے انگلینڈ کی سیریز سے باہر ہو ئے، وہ معائنہ کے لیے لندن گئے تھے اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں اور جلد ہی این سی اے سے اجازت حاصل کریں گے۔ راہول کے 24 مارچ کو راجستھان رائلز کے خلاف لکھنؤ سوپر جائنٹس کے افتتاحی میچ میں شرکت کرنے کا امکان ہے۔