کانگریس لیڈر کی جیت کے بعد پہلی مرتبہ حلقہ انتخاب کو آمد، روڈ شو کا انعقاد، عوام کا جوش و خروش
ملاپورم (کیرالا): کانگریس لیڈر راہول گاندھی جنہوں نے اتر پردیش کے رائے بریلی اور کیرالا کی وائناڈ پارلیمانی سیٹ سے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی، آج وائناڈ کا دورہ کیا اور اپنے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا۔جیت کے بعد راہول کا اپنے پارلیمانی حلقے کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ وہ الجھن میں ہیں کہ وہ کون سی سیٹ چھوڑ دے ۔ قواعد کے مطابق وہ صرف ایک پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ راہول گاندھی نے وائناڈ کے لوگوں کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ وائناڈ یا رائے بریلی میں سے کسی ایک کے انتخاب کے سلسلے میں ایک بڑی مخمصے کا سامنا کر رہے ہیں اور ممکن ہے کہ یہ مخمصہ 17 جون تک جاری رہے ۔وائناڈ لوک سبھا حلقہ کے ملاپورم ضلع کے ایڈوانا میں کانگریس زیرقیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے ذریعہ منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ وہ ایشور کی ہدایت کے مطابق کام کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے صرف اڈانی یا امبانی کے حق میں فیصلہ لینے کے لیے بھگوان کی ہدایات پر عمل کیا۔ راہول نے کہاکہ میں ایک عام آدمی ہوں، میرا ایشور ہندوستان کے غریب لوگوں میں رہتا ہے اور اس لیے میرے لیے وائناڈ کے لوگوں سے بات کرنا آسان ہے اور وہ مجھے بتائیں گے کہ مجھے کیا کرنا ہے ۔ ووٹروں کو یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ وائناڈ اور رائے بریلی دونوں حلقوں کے لوگ اس سلسلے میں میرے فیصلے سے خوش ہوں گے۔ بی جے پی کے لیڈروں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن آئین کو بچانے کے لیے لڑا گیا تھا اور عوام نے بی جے پی کو بہت سبق سکھایا ہے ۔ راہول نے کہاکہ آئین کو مت چھونا۔ یہ ہماری عزت، آواز اور روایت ہے ۔ اسے مت چھونا۔انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کو محبت سے اور تکبر کو عاجزی سے شکست ہوئی۔ایڈوانا روڈ شو کے دوران کھلی جیپ میں بیٹھے راہول کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں یو ڈی ایف کارکنان، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ، سڑک کے دونوں طرف جمع ہوئے ۔ بعد ازاں، کلپٹا بس اسٹینڈ پر منعقدہ دوسرے استقبالیہ میں راہول نے اجتماع کو خوش آمدید کہا۔ کانگریس لیڈر نے 2024کے لوک سبھا انتخابات میں وائناڈ سیٹ سے 3.6 لاکھ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے ۔