راہول کی نیائے یاترا شیو پوری سے شروع ہوئی

,

   

شیو پوری (مدھیہ پردیش ) : کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا آج مدھیہ پردیش کے شیو پوری سے شروع ہوئی۔یہاں راہول نے گوالیار بائی پاس سے جھانسی تراہے تک ایک کھلی جیپ میں روڈ شو کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر کانگریس کارکنوں نے یاترا کا خیر مقدم کیا۔یاترا میں راہول کے ساتھ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری، سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجئے سنگھ، آل انڈیا کانگریس سکریٹری سنجے کپور، سابق وزیر کے پی سنگھ اور دیگر کانگریسی قائدین موجود تھے ۔ریاستی کانگریس کے نائب صدر پرکاش شرما نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے شیو پوری شہر میں مختلف مقامات پر بیانر اور پوسٹر لگا کر راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ اس دوران راہول نے ہاتھ ہلا کر سب کی مبارکباد قبول کی۔کچھ دیر بعد راہول یہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گنا کیلئے روانہ ہوئے ۔اس سے پہلے راہول کو آج صبح تقریباً 10 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گوالیار سے شیو پوری پہنچنا تھا، لیکن ان کے ہیلی کاپٹر کو مجاز اتھارٹی سے پرواز کی اجازت نہیں ملی۔ ایسے میں انہیں گوالیار سے شیو پوری تک کار سے سفر کرنا پڑا۔